ایران و سعودی عرب کے قریبی تعلقات سارے خطے کے مفاد میں ہیں، مجید تخت روانچی
اسلامی جموریہ ایران کے مشیر خارجہ "مجید تخت روانچی” نے گزشتہ روز ایک وفد کے ہمراہ سعودی عرب کا دورہ کیا۔ اپنے دورے اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے مجید تخت روانچی نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران میری اپنے سعودی ہم منصب "ولید الخریجی” سے نتیجہ خیز و ثمر بخش ملاقات ہوئی جس میں ہم نے دوطرفہ مسائل اور علاقائی و بین الاقوامی صورت حال پر گفتگو کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور سعودی عرب دو برادر و ہمسایہ ممالک ہیں جن کے درمیان بہت زیادہ مشترکات ہیں۔ ہمارے قریبی تعلقات خطے کے لئے نہایت سودمند ہیں۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان "اسماعیل بقائی” نے صحافیوں کے ساتھ ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ریاض و تہران تعلقات کے بارے میں اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک دو سالوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفید بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ امید ہے کہ یہ بات چیت تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے میں بنیادی کردار ادا کرے گی۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں سعودی مسلح افواج کے کمانڈر انچیف "فیاض الرویلی” کے دورہ تہران کا بھی مشاہدہ کیا۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان ملاقاتوں اور دوروں کا سلسلہ جاری ہے جو کہ خوش آئند بات ہے۔ اس سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی” غزہ و لبنان میں صیہونی جرائم روکنے کے لئے علاقائی دورے کے سلسلے میں ریاض کا سفر کر چکے ہیں۔ جہاں انہوں نے اپنے سعودی ہم منصب "فیصل بن فرحان” اور ولی عہد "محمد بن سلمان” سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے ریاض میں OIC کا سربراہی اجلاس ہوا جس میں ایران کے نائب صدر "محمد رضا عارف” نے شرکت کی۔ جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سید عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ تھے۔