بنوں میں چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 12 سکیورٹی اہلکار شہید

387459_8573662_updates.jpg

بنوں میں سکیورٹی فورسز کی مشترکہ چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں مقابلے کے دوران 12 اہلکار شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں کے علاقے میں مشترکہ چیک پوسٹ پر خوارج کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج ہلاک کر دیے گئے جبکہ خوارج کے خود کش حملے میں 12 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید ہونے والوں میں پاک فوج کے 10 اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 2 اہلکار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے خوارج کی جانب سے چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی، داخل ہونے کی کوشش ناکام ہونے پر خوارج نے بارود سے بھری گاڑی پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خوارج کے خود کش دھماکے سے چیک پوسٹ کی دیوار کا ایک حصہ گر گیا، خود کش دھماکے سے ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا جس سے 12 شہادتیں ہوئیں۔آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔شہید ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے حوالدار محمد جاوید، ایبٹ آباد کے نائیک طہماس احمد، ہری پورکے نائیک باسط فرید شامل ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے