بنوں میں 7 پولیس اہلکار اغوا، علاقہ مشران کی مدد سے بازیابی کی کوشش

378161-496504650.jpg

خیبر پختونخواہ کے ضلع بنوں میں پولیس کے مطابق 18 نومبر کو نامعلوم افراد روچہ چیک پوسٹ سے سات پولیس اہلکاروں کو اغوا کر کے لے گئے جن کی بازیابی کے لیے تاحال کوششیں جاری ہیں۔یہ واقعہ اتمانزئی پولیس سٹیشن کے حدود میں اس وقت پیش آیا جب نامعلوم افراد نے پولیس چیک پوسٹ کا گھیراؤ کر کے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔ضلعی پولیس سربراہ ضیاالدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

ضیا الدین کا کہنا ہے کہ ’پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں اور علاقہ مشران کو بھی بازیابی میں مدد کے لیے بلایا گیا ہے۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد چیک پوسٹ سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں جبکہ چار پولیس اہلکار اغوا ہونے سے بچ گئے تھے کیونکہ واقعے کے وقت وہ کھانا کھانے کے لیے گئے تھے۔بنوں پولیس کے ترجمان بشیر خان نے میڈیاکو بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے پہلے چیک پوسٹ پر حملہ کیا اور بعد میں سات پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ’یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پولیس کو قومی جرگہ کے ذریعے بغیر اسلحہ کے رہا کر دیا جائے گا۔ضلع بنوں گذشتہ کچھ مہینوں سے شدت پسندی کے لپیٹ میں ہے اور ضلع میں متعدد پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں پر حملے رپورٹ ہوئے ہیں۔تقریباً دو مہینے پہلے بنوں پولیس کی جانب سے شدت پسندی کے واقعات میں اضافے اور پولیس اہلکاروں کے قتل کے خلاف پولیس اہلکاروں نے مظاہرہ اور دھرنا بھی دیا تھا۔

اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو رواں سال ڈیرہ اسماعیل خان میں سب سے زیادہ 22 پولیس اہلکاروں کو قتل کیا گیا جبکہ دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ پولیس اہلکار بنوں میں نشانہ بنایا گیا ہے جن کی تعداد 12 ہے۔مجموعی طور رواں سال صوبہ بھر میں پولیس کے 76 اہلکار شدت پسند واقعات میں جان سے گئے ہیں جبکہ پاکستان فوج اور فرنٹیئر کانسٹبلری کے 68 اہلکار رواں سال جان سے گئے ہیں۔بنوں میں 19 نومبر کو ایک دوسرا واقعہ بھی رونما ہوا ہے جہاں پولیس کے مطابق تھانہ بکاخیل کے حدود میں نا معلوم افراد نے چلتی گاڑی پر فائرنگ کر کے خاتون سمیت چار افراد کو قتل کر دیا ہے۔بنوں پولیس ترجمان بشیر خان کے مطابق قتل ہونے والے افراد میں مقامی ملک، خاتون اور تین دیگر افراد شامل ہیں جبکہ دو بچوں سمیت چار افراد واقعے میں زخمی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے