پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر بھارت کے گمراہ کن بیان کو مسترد کردیا
اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی وزیر خارجہ کے بیانیے کو مسترد کردیا ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ہے اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔ اس حل طلب تنازعے کا حل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک جموں و کشمیر کا تعلق ہے، دفعہ 370 نافذ ہے۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ کس قسم کے تعلقات پر غور کر سکتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس طرح کے دعوے نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ خطرناک حد تک گمراہ کن ہیں کیونکہ یہ زمینی حقائق کو یکسر نظر انداز کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں یکطرفہ اقدامات اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتے اور نہ ہی کریں گے۔
انہوں نے سفارتکاری اور بات چیت کے لئے اسلام آباد کے عزم کا اعادہ کیا لیکن متنبہ کیا کہ کسی بھی دشمنانہ کارروائی کا غیر متزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے کے بارے میں اشتعال انگیز بیانات ترک کرے اور اس کے بجائے تنازع کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے بامعنی مذاکرات کرے۔
خیال رہے کہ قبل ازیں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ بلا تعطل مذاکرات کا دور ختم ہوچکا ہے، نئی دہلی مثبت یا منفی پیش رفت کا جواب دے گا۔