انٹرنیٹ سست؛ سینیٹ کمیٹی کا سخت نوٹس، مسئلہ حل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: ملک میں انٹرنیٹ سست رفتاری سے چلنے کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ سینیٹ کمیٹی نے طلب کرلی جب کہ معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے دو ہفتوں میں مسئلہ حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
سینیٹر پلوشہ خان کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس ہوا، جس میں کمیٹی ارکان نے انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس ڈاؤن ہونے کا معاملہ اٹھا دیا ۔
سینیٹر ہمایوں مہمند نے کہا کہ انٹرنیٹ، سوشل میڈیا ایپس سست ہونے سے بزنس متاثر ہورہا ہے۔ سینیٹر افنان اللہ نے بتایا کہ انٹرنیٹ سست ہونے سے کم از کم 500 ملین کا نقصان ہوا ہے۔
سیکرٹری آئی ٹی نے اجلاس میں بتایا کہ موبائل آپریٹرز کی سروس میں خلل آیا ہے۔ کوئی تکنیکی مسئلہ ہوسکتا ہے جو جلد حل ہوجائے گا۔