پاکستان کے چیلنجز میں پانی بھی ایک بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم
دبئی: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے چیلنجز میں پانی بھی ایک بڑا چیلنج ہے۔وزیراعظم نے پاکستان پویلین میں لیونگ انڈس انیشیٹو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہم سب کی موجودگی موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی کاوشوں کا حصہ ہے، محکمہ فوڈ اینڈ کلچر اور زراعت کی خدمات کو سراہتا ہوں۔نگراں وزیراعظم نے کہاکہ مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں ہم موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹ سکتے ہیں، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالا آٹھواں ملک ہے۔نگراں وزیراعظم نے بتایا کہ پاکستان کے چیلنجز میں پانی بھی ایک بڑا چیلنج ہے، ماحول اور پانی سے متعلق حکومت کی ترجیحات واضح ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیونگ انڈس کے تحت اسٹیک ہولڈر سے ملکر کردار ادا کرنا ہوگا، لیونگ انڈس وژن کے باعث ہم مستقبل محفوظ بناسکتے ہیں، انڈس ہی ہے جو ہمیں خوراک فراہم کرتا ہے۔نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دریائے سندھ کو آواز کی ضرورت ہے اور ہم اس کی آواز بنیں گے، لیونگ انڈس ہمیں بتاتا ہے 2030 تک 11سے 17 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی فنانسنگ کے منصوبے کی بدولت اس چیلنج سے نمٹا جاسکتا ہے، پاکستان کے نوجوانوں نے ہی ملک کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے ان پر انویسٹ کرنا ہوگا۔