آزادی مارچ کیس: عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی و دیگر بری
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے آزادی مارچ کے حوالے سے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمہ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان، شیخ رشید احمد، شاہ محمود قریشی و دیگر کو بری کر دیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ ملک محمد عمران نے عمران خان، شیخ رشید سمیت دیگر رہنماؤں کی درخواست بریت پر محفوظ فیصلہ سنایا۔عدالت نے عمران خان، شیخ رشید احمد، شاہ محمود قریشی کے علاوہ صداقت عباسی، علی نواز اعوان کو بھی بری کردیا۔
واضح رہے کہ عمران خان، شیخ رشید و دیگر پر دفعہ 144 کی خلاف ورزی، توڑ پھوڑ کی دفعات کے تحت 2022 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ مئی 2022 میں اسلام آباد میں اختتام پذیر ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے تناظر میں ملک بھر میں پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف دفعہ 144 سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیوں پر درجنوں مقدمات درج کیے تھے۔جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں دارالحکومت کی پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف قانون نافذ کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کرنے اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے پر کم از کم 3 مقدمات درج کیے تھے، الزامات میں میٹرو بس اسٹیشنز کو آگ لگانا بھی شامل ہے۔عمران خان کے خلاف تھانہ سہالا، لوہی بھیر اور تھانہ بارہ کہو میں مقدمات درج کیے گئے تھے