ورلڈ بینک کا پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کا قرضہ
اسلام آباد ورلڈ بینک نے پاکستان داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے ایک ارب ڈالر قرض دینے کی منظوری دے دی ہے۔ نئے قرضے کا مقصد پاکستان میں بجلی کی پیداوار بالخصوص پن بجلی کو بہتر بنانا ہے۔
ورلڈ بینک کی طرف سے ایک ارب ڈالر کا قرضہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لیے مختص ہے جس سے پاکستان میں سستی بجلی کی پیداوار میں آسانی ہوگی اور بجلی کی پیداوار 5400 میگاواٹ سے زائد ہو جائے گی۔
شمال مغربی پاکستان میں واقع اس پراجیکٹ کی ڈیزائننگ اور مینیجمنٹ چین کررہا ہے جبکہ یہ پراجیکٹ کئی بار وہاں کام کرنے والے چینی شہریوں پر دہشت گرد حملوں کی وجہ سے متاثر بھی ہوا ہے۔
حالیہ برسوں میں، پاکستان کی معیشت غیر ملکی قرضوں میں اضافے، بے تحاشا مہنگائی اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے سخت اقدامات کی وجہ سے شدید متاثر ہوئی ہے لہذا حکومت پاکستان ملک کی نازک معاشی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ سے طویل المدتی قرضے حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔