ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان ٹیم کو مسلسل دوسری بدترین شکست، بھارت 6 رنز سے کامیاب

2650012-indiawin-1717964044-300-640x480.jpg

نیویارک کے نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں گروپ اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کیلئے 120 رنز کا ہدف دیا تھا مگر پاکستانی ٹیم بھارت کے آسان ہدف کے تعاقب میں بھی ناکام رہی۔قومی ٹیم 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بناسکی۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم تقریباً 14-15 اوورز تک بھارت پر حاوی تھی اور پاکستان کی جیت کے امکانات 90 فیصد سے زائد تھے لیکن پاکستانی بیٹرز مسلسل سست بیٹنگ کی وجہ سے آخری اوورز میں دباؤ کا شکار ہوکر باؤنڈریز لگانا ہی بھول گئے۔پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارت گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا۔ پاکستان ٹیم مسلسل دو میچز میں شکستوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔

پاکستان کی اننگز:

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز بابر اعظم اور محمد رضوان نے کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 26 رنز پر گر گئی، بابراعظم 13 رنز بنانے کے بعد جسپریت بمراہ کی گیند پر سلپ پر کھڑے فیلڈر کو کیچ تھما گئے۔57 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو دوسرا نقصان عثمان خان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 13 رنز بناکر اکشر پٹیل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔پاکستان کی تیسری وکٹ 73 رنز پر گری جب فخر زمان بھی 13 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ انکے بعد بیٹنگ کیلئے آنیوالے شاداب خان صرف 4 رنز ہی بناسکے اور پانڈیا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔افتخار احمد نے 9 گیندیں کھیل کر صرف 5 رنز بنائے، نسیم شاہ 10 اور شاہین آفریدی صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3 ، ہارڈک پانڈیا نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ ارشدیپ سنگھ اور اکشر پٹیل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

بھارت کی اننگز:

پاکستان کیخلاف بھارت کی پوری ٹیم 19 اوورز ہی کھیل سکی اور 119 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔بھارت کی اننگز کا آغاز ویرات کوہلی اور روہت شرما نے کیا جبکہ پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی نے پہلا اوور کرایا۔بھارت کے صرف تین کھلاڑی ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوئے جن میں رشب پنت نے 42، اکشر پٹیل نے 20 اور کپتان روہت شرما نے 13 رنز بنائے۔حارث رؤف اور نسیم شاہ نے 3، 3، محمد عامر نے 2 اور شاہین آفریدی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔بھارت کی پہلی وکٹ 12 رنز پر گری جب ویرات کوہلی نسیم شاہ کی گیند پر 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ 19 رنز کے مجموعی اسکور پر روہت شرما بھی شاہین آفریدی کی گیند پر 13 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی تیسری وکٹ 58 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب اکشر پٹیل 20 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کا شکار بنے، 89 کے مجموعی اسکور پر سوریا کمار یادیو 7 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے، شیوم دوبے صرف تین رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر اُن ہی کو کیچ تھما گئے۔محمد عامر کے اوور میں 96 کے مجموعی اسکور پر بھارت کی یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گریں، 96 کے مجموعی اسکور پر رشب پنت 42 رنز اور رویندر جڈیجا صفر پر پویلین لوٹ گئے۔112 کے مجموعی اسکور پر ہارڈک پانڈیا اور جسپریت بمراہ بھی یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوگئے۔ بھارت کی آخری وکٹ 119 کے مجموعی اسکور پر گری جب ارشدیپ سنگھ 9 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

About Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے