صیہونی مخالف یہودیوں کا ایرانی صدر اور وزیر خارجہ کو خراج تحسین
رپورٹ کے مطابق صیونیت مخالف یہودیوں کی بین الاقوامی تنظیم ” ناتوری کارتا” کے اراکین کی ایک جماعت نے مقامی وقت کے مطابق جمعے کو اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر جاکر شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھ ہیلی کاپٹر سانحے میں شہید ہونے والے دیگر شہداکو خراج عقیدت پیش کیا۔ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب اور سفیر زہرا ارشادی نے ناتوری کارتا یہودیوں کا استقبال کیا۔
ناتوری کارتا یہودیوں نے ہیلی کاپٹر سانحے میں صدر، وزیر خارجہ اور بعض دیگر شخصیات کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور ایران کی حکومت، عوام اور شہدا کے لواحقین کو تعزیت پیش کی۔یہودیوں کی بین الاقوامی تنظیم ناتوری کارتا کے اراکین نے اسی کے ساتھ فلسطینی عوام کی حمایت میں شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور شہید حسین امیر عبداللّہیان کے موقف کی قدردانی کی۔
ناتوری کارتا یہودیوں کا کہنا ہے کہ صیہونی، یہودی نہیں ہیں بلکہ انھوں نے اپنے غیر انسانی اہداف کے لئےیہودیوں کا سہارا لیا ہے اور ایک سچا یہودی کسی کی بھی زمین غصب کرنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔صیہونیت مخالف یہودیوں کی اس جماعت نے اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب اور سفیر کو تعزیت پیش کی اور تعزیتی رجسٹر میں اپنے تاثرات لکھے اور دستخط کئے۔
قابل ذکر ہے کہ امریکا کی سول سوسائٹی کے اراکین، یونیورسیٹی اساتذہ اور دانشوروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر جاکر ہیلی کاپٹر حادثے میں ایران کے صدر، وزیرخارجہ اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر تعزیت پیش کی ہے ۔اس کے علاوہ دنیا کے پچاس سے زائد ملکوں کے نمانئدوں نے بھی تعزیتی رجسٹر پر اپنے تاثرات لکھے اور اس سانحے پر تعزیت پیش کی جبکہ سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے شہید صدر اور شہید وزیر خارجہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اوراس سانحے پر اقوام متحدہ کا پرچم ایک دن کے لئے جھکادیا گیا۔