کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، یہ حقیقت قائداعظم نے واضح الفاظ میں بیان کی تھی، سردار رحیم

n01257734-b.jpg

پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے یومِ حقِ خود ارادیت کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور یہ حقیقت قائداعظم محمد علی جناح نے واضح الفاظ میں بیان کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کا دل آج بھی اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ سردار عبدالرحیم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل ناانصافیوں، جبر اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں، بھارتی پارلیمنٹ نے اپنے ہی آئین کو پامال کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، جو 1947ء سے کشمیری عوام کو حاصل خودمختاری پر کھلا حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر اقوام متحدہ اور او آئی سی کی خاموشی افسوسناک اور ناقابلِ فہم ہے، اقوام متحدہ کی یہ اخلاقی اور قانونی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنی قراردادوں اور چارٹر پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا مسلمہ حقِ خود ارادیت دلائے۔ سردار رحیم نے کہا کہ بھارتی مظالم کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کو کمزور نہیں کر سکے، کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور وہ دن ضرور آئے گا جب آزادی کا سورج مقبوضہ کشمیر میں طلوع ہوگا اور بھارت کے ناپاک عزائم خاک میں مل جائیں گے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کی آزادی کے لیے عالمی سطح پر ومؤثر سفارتی کردار ادا کرے اور اقوام متحدہ و او آئی سی پر دباؤ بڑھائے تاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط اور مظالم سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے