گلگت بلتستان میں بلدیاتی اور جنرل انتخابات ساتھ ہونگے، الیکشن کمشن کا اعلان
شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق گلگت بلتستان میں بلدیاتی اور جنرل انتخابات ایک ہی مرحلے میں منعقد کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں گلگت بلتستان بھر میں انتخابی فہرستوں میں ووٹ کے اندراج، تصدیق اور درستگی کے لیے ڈسپلے سینٹرز قائم کر دیے گئے ہیں۔ عوام الناس رواں ماہ کے اختتام تک ان ڈسپلے سینٹرز میں جا کر اپنے ووٹ کا اندراج، کوائف کی تصدیق اور ضروری درستگی کروا سکتے ہیں۔ شہری اپنے ووٹ کے اندراج اور متعلقہ ڈسپلے سینٹر کی تفصیلات جاننے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8301 پر ایس ایم ایس کر سکتے ہیں۔مزید برآں، فارم کے حصول اور رہنمائی کے لیے دفترِ ضلعی الیکشن کمشنر، رجسٹریشن آفیسر یا متعلقہ ڈسپلے سینٹر انچارج سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے خطے کے تینوں ڈویژنز میں ضلع کونسلز، میونسپل کارپوریشنز، تحصیل کونسلوں، میونسپل کمیٹیوں، ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کی حد بندی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جا چکی ہیں۔
ان کمیٹیوں کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کو کنوینئر جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈویلپمنٹ (LG&RD) اور اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز کو ممبران مقرر کیا گیا ہے، جو الیکشن ایکٹ 2017ء کے تحت اپنے اپنے اضلاع میں حلقہ بندیاں مکمل کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈسپلے سینٹرز میں ووٹر لسٹوں کی درستگی کا عمل بلدیاتی اور جنرل دونوں انتخابات کے لیے جاری ہے، لہٰذا تمام ووٹرز سے گزارش ہے کہ وہ اپنے متعلقہ وارڈ میں ووٹر لسٹ کی جانچ کریں اور کسی بھی قسم کی غلطی کی بروقت درستگی کروائیں۔ ووٹرز موبائل میسج کے ذریعے بھی اپنی تفصیلات چیک کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن عوام کی سہولت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے اور امید ہے کہ عوام ان ڈسپلے سینٹرز سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے جمہوری حق کو یقینی بنائیں گے۔
