ایف پی ایس سی کا گلگت بلتستان میں مقابلے کے امتحان سے متعلق قواعد کو دو ہفتوں میں مکمل کرنے کا فیصلہ
سیکریٹری سروسز اینڈ جنرل ڈیپارٹمنٹ (S&GAD) حکومتِ گلگت بلتستان اور سیکریٹری فیڈرل پبلک سروس کمیشن (FPSC) کے مابین ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گلگت بلتستان سے متعلق بھرتیوں کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف پی ایس سی گلگت بلتستان کمبائنڈ کمپیٹیٹو امتحان سے متعلق بھرتی کے قواعد کو دو ہفتوں کے اندر حتمی شکل دے گا، جبکہ اس امتحان کو سال 2026ء کے امتحانی پروگرام میں ترجیحی بنیادوں پر شامل کیا جائے گا۔اسی طرح محکمہ صحت سے متعلق بھرتی کے قواعد کو کم سے کم ممکنہ مدت میں حتمی بنانے پر اتفاق کیا گیا تاکہ متعلقہ آسامیوں پر بروقت تقرریوں کا عمل مکمل ہو سکے۔ کیڈرک ہسپتال سے متعلق بھرتی کے قواعد کو بھی دو ہفتوں کے اندر حتمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر سیکریٹری ایف پی ایس سی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومتِ گلگت بلتستان سے متعلق تمام بھرتیوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ اجلاس میں بھرتی کے عمل میں تاخیر سے بچنے اور بروقت کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے درخواستوں اور بھرتی کے قواعد کی ترسیل کے عمل کو ڈیجیٹلائز کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں وزارتِ امورِ کشمیر و گلگت بلتستان (KA&GB) کے ساتھ ایک علیحدہ اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ اس پورے عمل کو جدید اور مؤثر بنایا جا سکے۔ذرائع کے مطابق ان فیصلوں سے گلگت بلتستان میں شفاف اور بروقت بھرتیوں کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
