ایران کے بارے میں سلامتی کونسل کا لاحاصل اجلاس

IMG_20251229_145727_219.jpg

 

 

 

مغربی ممالک نے سلامتی کونسل کا اجلاس منعقد کر کے جہاں ایران کو جوہری ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرنے والا اور اس کے یورینیم افزودگی کے عمل کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ پیش کرنے کی کوشش کی، وہیں دیگر اراکین کے سخت موقف نے اجلاس کا ماحول انتہائی کشیدہ کر دیا۔ روس کے نمائندے نے واضح طور پر ایران کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے قرارداد 2231 کی قانونی ڈیڈ لائن کے خاتمے کی طرف اشارہ کیا اور اجلاس کے باطل ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کے پاس اس معاملے کا جائزہ لینے کا کوئی اختیار یا جواز نہیں ہے۔ تاہم، یورپی ممالک کے نمائندوں نے، جن کی درخواست پر یہ اجلاس بلایا گیا تھا، اس مسئلے کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت کا دعویٰ کیا اور بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کی ایران میں واپسی کا مطالبہ کیا جسے تہران واضح طور پر مسترد کرتا ہے۔ کئی مہینوں کے دھمکی آمیز موقف اور بیانات کے بعد اس بار مغربی ممالک نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ذریعے ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں اپنے خدشات اور دعووں کا اعادہ کیا۔ اسی مناسبت سے سلامتی کونسل نے منگل کی شام امریکہ اور اس کے شراکت داروں کی درخواست پر ایرانی جوہری فائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد کیا۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایرانی نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا: "ایران اصولی سفارت کاری اور حقیقی مذاکرات کے لیے پوری طرح پرعزم ہے اور اب یہ فرانس، برطانیہ اور امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ راستہ بدلیں اور اعتماد اور اعتماد کی بحالی کے لیے عملی اور قابل اعتماد اقدامات کریں۔” ایرانی نمائندے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران 2015ء کے جوہری معاہدے کی اہم شقوں کی پاسداری کر رہا ہے، ایک ایسا معاہدہ جس کا مقصد تہران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول سے روکنا تھا اور جس کے تحت ایران نے اپنا جوہری پروگرام محدود کر دیا تھا اور پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔ امریکہ، جس نے ہمیشہ خود کو ایران کے خلاف ایک حق پرست فریق کے طور پر پیش کیا ہے، نے اس بار بھی یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ یہ تہران ہی ہے جس نے سفارت کاری کا راستہ روک رکھا ہے اور سیاسی عمل کو تباہ کر دیا ہے۔ اقوام متحدہ میں امریکی نائب مندوب مورگن اورٹیگاس نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا: "واشنگٹن سرکاری مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن صرف اس صورت میں جب تہران براہ راست اور بامعنی مذاکرات کے لیے تیار ہو۔” اورٹیگاس نے مزید کہا: "ٹرمپ نے اپنی دونوں صدارتوں کے دوران ایران کی طرف سفارت کاری کا ہاتھ بڑھایا ہے۔ سفارت کاری کا ہاتھ لینے کے بجائے آپ آگ میں ہاتھ ڈالتے رہتے ہیں۔”

ایران کے نمائندے نے اسے جواب دیا: "امریکی حکام کی جانب سے صفر درصد افزودگی پر اصرار، 2015ء کے معاہدے کی روشنی میں ایران کے مسلمہ حقوق کے خلاف ہے اور یہ ظاہر کرتا ہے کہ واشنگٹن منصفانہ مذاکرات کا خواہاں نہیں ہے۔ اگر فرانس اور برطانیہ بدستور امریکہ کے ساتھ کھڑے رہے تو سفارت کاری عملی طور پر تباہ ہو جائے گی۔ ایران کسی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکے گا۔”

سلامتی کونسل کے اجلاس میں فرانس کے نائب نمائندے جے درمادیکاری نے تہران کے خلاف مخالفانہ موقف اپناتے ہوئے دعویٰ کیا: "سلامتی کونسل اب بھی ایران کے جوہری مسئلے کا جائزہ لے سکتی ہے، ہم ایران پر دباؤ نہیں ڈال رہے اور ہم نیک نیتی سے بات چیت کے لیے کہہ رہے ہیں۔” دوسری طرف روس کے نمائندے واسیلی نیبنزیا نے فرانسیسی نمائندے کو جواب دیتے ہوئے کہا: "آپ بری طرح ناکام ہوئے ہیں اور یہ ناکامی بہت خوفناک تھی اور آپ اسے اچھی طرح جانتے ہیں۔” انہوں نے مزید کہا: "جے سی پی او کمیٹی اب موجود نہیں ہے لہذا یورپی یونین اب رابطہ کار نہیں رہی اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں رپورٹ پیش کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔” نیبنزیا نے اجلاس میں اسلووینیا کے نمائندے اور یورپی یونین کے موجودہ چیئرمین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ متعلقہ قرارداد (قرارداد 2231) کی میعاد ختم ہونے پر اجلاس بلانے کا ان کا اقدام کونسل کی حیثیت کم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے مزید کہا: "ایران کا جوہری مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے اور قرارداد 2231 کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے۔ ہم یورپ اور امریکہ کی طرف سے اس کونسل کی سرگرمیوں کو زیر کرنے اور اسے ایک سیاسی عمل تصور کرنے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کرتے ہیں۔ ایران نے بارہا منصفانہ مشاورت کے لیے اپنی تیاری کا اعلان کیا ہے۔ ہم سب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اشتعال انگیز رویہ اپنانا بند کریں۔”

اس بات کے پیش نظر کہ مغربی ممالک 12 روزہ جنگ کے بعد سے ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تفصیلات سے مکمل طور پر لاعلم ہیں، یہ مسئلہ سلامتی کونسل کے اجلاس میں بھی اٹھایا گیا۔ سلامتی کونسل میں برطانوی نمائندے نے ایران کے جوہری مسئلے میں IAEA کی دھوکہ دہی اور صیہونی رژیم کے لیے ایجنسی کی بریفنگ کا ذکر کیے بغیر دعویٰ کیا: "میں پہلے ایران کی جانب سے IAEA تک رسائی کی ضرورت پر توجہ دوں گا! پھر سفارتی حل کے لیے ہماری مسلسل وابستگی پر اور تیسرا، سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مکمل تعمیل کی ضرورت پر۔ جیسا کہ آج رپورٹ پیش کی گئی ہے، ایران نے گذشتہ چھ ماہ سے زیادہ عرصے سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کو اپنے جوہری مراکز کی انسپکشن کرنے سے روک رکھا ہے، اس کا مطلب ہے کہ IAEA ایران کے افزودہ یورینیم کے ذخیرے کے مقام کی تصدیق کرنے سے قاصر ہے۔ ہم ایران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں کے مطابق جوہری توانائی کی ایجنسی کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔ لندن ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بین الاقوامی خدشات دور کرنے کے لیے سفارتی حل کے لیے پرعزم ہے۔” مغربی ممالک ہر ممکنہ طریقے سے کوشش کر رہے ہیں کہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے معائنہ کاروں کی ایران واپسی ممکن بنائی جا سکے اور ان جوہری مراکز کا معائنہ ہو سکے جن کے کچھ حصوں کو امریکی اور اسرائیلی حملوں میں نقصان پہنچا تھا۔ تاہم اسلامی جمہوریہ نے ابھی تک ایسی کارروائی کے لیے اجازت نامہ جاری نہیں کیا ہے۔ تہران کے نقطہ نظر سے، ایک ایسی ایجنسی جس نے ان حملوں کی مذمت نہیں کی ہے اور اسرائیل کی پالیسیوں کے مطابق کام کیا ہے، کے پاس ایران کی جوہری تنصیبات کا معائنہ کرنے کا ضروری اختیار اور قانونی حیثیت نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے