غزہ میں قیام امن کیلیے حصہ لینے کو تیار، حماس کو غیرمسلح کرنے کی کوشش میں شریک نہیں، نائب وزیراعظم
دفتر خارجہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے صدر کا حالیہ دورۂ پاکستان انتہائی کامیاب رہا اور صدر یو اے ای و وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ہونے والی بات چیت مثبت اور تعمیری تھی۔
اسحاق ڈار کے مطابق سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات نے اسٹیٹ ڈپازٹس کے ذریعے پاکستان کو سپورٹ کیا جبکہ متحدہ عرب امارات جنوری میں 2 ارب ڈالر کے رول اوور کے لیے بھی تیار ہے اور بقایا 2 ارب ڈالر کے عوض سرمایہ کاری کی بھی توقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یو اے ای فوجی فاؤنڈیشن میں شیئر لینے پر بھی آمادہ ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے وقت پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار تھا، تاہم آج پاکستان کا عالمی وقار بحال ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار روزہ جنگ کے دوران پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی دعوؤں کو پاش پاش کیا اور بھارت کی مسلسل غلط بیانی اس کی ساکھ کو نقصان پہنچا چکی ہے۔
