ملتان،جشن مولود کعبہ کی مناسبت سے تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کا اجلاس، لائسنسداروں، بانیان جلوس کی شرکت
ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب و تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی صدر خاور شفقت حسنین بھٹہ نے کہا کہ شیعہ سنی جشن مولود کعبہ حضرت امام علی تیرہ رجب المرجب کومل کر منائیں گے، اس سلسلے میں قدیمی و مرکزی امام بارگاہوں کے لائسنسداروں نے تیاریاں شروع کردی ہیں، ملتان پولیس انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن سیکیورٹی، صفائی و ستھرائی، سٹریٹ لائٹس سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے اقدامات کو یقینی بنائے جبکہ بارہ اور تیرہ رجب المرجب کے دوران بجلی و گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے، جلوس روٹس کے موقع پر محکمہ واسا سیوریج نظام کی درستگی کو یقینی بنائے اور کھلے مین ہولز پر گٹر رکھے جائے، اسی طرح محکمہ صحت ملتان، ریسکیو بھی اپنی ذمہ داری کو یقینی بنائے تاکہ لائسنسداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ قدیمی و مرکزی امام بارگاہ کاشانہ شبیر لال کرتی کینٹ کے تیرہ رجب المرجب کو ہونے والے سالانہ پروگرام کے انعقاد کو جاری رکھنے کے حوالے سے ملتان پولیس انتظامیہ ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جشن مولود کعبہ حضرت امام علی کی خوشی میں انتظامات کے حوالے سے قدیمی و مرکزی امام بارگاہ حیدری کمیٹی دولت گیٹ میں شجاع آباد، جلالپور پیروالہ، ملتان، مخدوم رشید کے سینکڑوں لائسنسداروں کے اجلاس سے صدرارتی خطاب کے دوران کیا۔
اجلاس میں تحفظ عزاداری امام حسین کونسل کے مرکزی سیکریٹری جنرل سیدطالب حسین پرواز نے نقابت کے فرائض سرانجام دیئے، اس موقع پر لائسنسداروں نے جشن مولود کعبہ کے انتظامات کے سلسلے میں درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے مرکزی صدر خاور شفقت بھٹہ کو تحریری درخواستیں بھی دیں جبکہ اس موقع پر سنیئر نائب صدر مخدوم سید صدرالدین گیلانی، ڈویژنل صدر انجینئر سخاوت علی سیال، مخدوم سید ظہور حسین شمسی، ملک شجر عباس کھوکھر، شاہ زیب حسن بلوچ، محمدآصف جھمٹ سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر لائسنسداروں نے کہا کہ تیرہ رجب المرجب سے قبل ملتان پولیس، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن مسائل کے حل کو یقینی بنائے، شیعہ سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں جو جشن مولود کعبہ مل کر منائیں گے۔ اس موقع پر مخدوم سید ظہور حسین شمسی، مخدوم سید صدر الدین گیلانی، سید طالب حسین پرواز نے ملک وقوم کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، امن و امان کے قیام کے لئے خصوصی دعا کرائی۔
