سکردو، جشن مے فنگ کے دوران تحریک انصاف کے حق میں نعرے کو نون لیگ نے پاکستان دشمنی قرار دیدیا
مسلم لیگ (ن) بلتستان ڈویژن ضلع سکردو، مسلم لیگ سٹی، مسلم لیگ حلقہ دو، یوتھ ونگ، مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن اور سوشل میڈیا ٹیم کا ایک ہنگامی مشترکہ اجلاس زیرِ صدارت صدر مسلم لیگ (ن) بلتستان ڈویژن وزیر اخلاق حسین اور صدر ضلع سکردو حاجی شفیق ارشد مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں جشنِ مے فنگ جیسے عظیم ثقافتی اور عوامی اجتماع کے موقع پر ہزاروں کے پُرامن مجمع میں محض چالیس پچاس افراد کی جانب سے پاکستان تحریکِ انصاف کے حق میں اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے خلاف نعرہ بازی کو نہایت ہی قابلِ مذمت، افسوسناک، اشتعال انگیز اور جمہوری اقدار کے صریحاً منافی عمل قرار دیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت قومی و ثقافتی تقریب کو سیاسی پروپیگنڈے کی نذر کیا گیا، جس کی مسلم لیگ نون بھرپور اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔
بیان کے مطابق اس سے بھی زیادہ تشویشناک پہلو یہ ہے کہ اسٹیج پر صرف پی ٹی آئی کے قائدین اور اُن کے ہمدرد صحافیوں کی موجودگی نے اس اشتعال انگیزی کو مزید ہوا دی، جبکہ انتظامیہ نے دانستہ طور پر دیگر تمام سیاسی جماعتوں کو نظرانداز کر کے جانبدارانہ کردار ادا کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے متفقہ طور پر اس طرزِ عمل کو بدترین انتظامی نااہلی، غیر ذمہ داری اور سیاسی ملی بھگت کا کھلا ثبوت قرار دیا۔ مٹھی بھر افراد نے ہزاروں کے پُرامن مجمع کو یرغمال بنا کر تقریب کو سبوتاژ کیا مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اس سنگین خلاف ورزی پر تاحال کوئی مؤثر اور قابلِ ذکر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جو کئی سوالات کو جنم دیتی ہے۔ مسلم لیگ نون یہ سمجھتی ہے کہ یہ ایک سوچی سمجھی سازش ہے جو نہ صرف عوامی ہم آہنگی بلکہ ریاستی اداروں کے لیے بھی ایک سنجیدہ چیلنج ہے۔
مزید کہا گیا کہ یہ امر ناقابلِ برداشت ہے کہ پاکستان دشمن اور ملک کی سالمیت کے مخالف عناصر کھلے عام اپنے عزائم کا مظاہرہ کریں اور انہیں عملی طور پر تحفظ فراہم کیا جائے۔ ہم واضح اور دوٹوک الفاظ میں اعلان کرتے ہیں کہ مسلم لیگ نون ایسے مذموم عزائم، جانبدارانہ انتظامات اور کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف سرگرم مٹھی بھر عناصر کے خلاف فوری، شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کر کے ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ مزید یہ کہ اگر مستقبل میں بھی اسی سوچ اور جانبدارانہ طرزِ عمل کے تحت عوامی یا ثقافتی پروگرام ترتیب دیے گئے تو مسلم لیگ نون بھرپور، منظم اور مؤثر ردِعمل دینے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ انتظامیہ سے پُرزور مطالبہ ہے کہ فوری طور پر ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور آئندہ تمام عوامی و ثقافتی تقریبات کو سیاسی ایجنڈوں سے پاک، غیر جانبدار اور تمام سیاسی و سماجی حلقوں کے لیے مساوی بنایا جائے۔
