سموگ کے باعث شاہراوں پر سٹریٹ لائٹس نہ ہونے سے حادثات معمول بن چکے ہیں، تاجر کمیونٹی
مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی، جنوبی پنجاب کے چیئرمین جاوید اختر خان، جنوبی پنجاب کے سرپرست علی چوہدری بنیامین ساجد، جنوبی پنجاب کے سنیئرنائب صدر حاجی ندیم قریشی، نائب صدر اکمل خان بلوچ، ملک مظہر عباس کھاکھی، مخدوم سید ظہور حسین شمسی، چوہدر ی محمد شہباز اختر، خواجہ انیس الرحمن صدیقی نے کہا ہے کہ ملتان سمیت صوبہ بھر میں سموگ کی وجہ سے کروڑوں عوام شدید پریشانی سے دوچار ہیں لیکن سموگ کی صورتحال کے پیش نظر چھوٹی بڑی شاہراوں پر سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں، جبکہ ابھی تک نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے معصوم طلبہ کو تعطیلات نہ دی گئی ہیں، سردی اور سموگ کی شدت کی وجہ سے طلبہ، اساتذہ شدید پریشان ہیں لیکن اس سلسلے میں حکومتی و ضلعی انتظامیہ کی سطح پر اقدامات آٹے میں نمک کے برابر بھی نہیں ہیں،
ایک طرف یہ صورتحال ہے تو دوسری جانب سموگ سے نپٹنے کے لئے بھی اقدامات تسلی بخش نہیں ہیں، بالخصوص ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں سموگ کی صورتحال بھی بے قابو ہے، جہاں پر شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں، ملتان کی چھوٹی بڑی شاہرائیں اندھیرے میں ڈوبی ہوئی ہیں، ٹریفک کے اژدھام کی وجہ سے حادثات کی وجہ سے قیمتی جانوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ لاحق ہے، اس سلسلے میں حکومتی و انتظامی سطح پر عوام کو درپیش مسائل کے حل کو حقیقی معنوں میں یقینی بنایا جائے تاکہ عوام میں پائی جانے والی بے چینی ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کے مسائل کے حل کے لئے بلند بانگ دعوے ضرور ہوتے ہیں لیکن افسوس کہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات تسلی بخش نہیں ہیں۔
