کراچی، ٹریلر اور ٹرک نے 2 افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دیئے
شہر قائد میں ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا حادثات تھم نہ سکے، مختلف علاقوں میں ٹریلر اور کنٹینر لدے ہوئے ٹرک نے 2 افراد کی زندگی کے چراغ گل کر دیئے، جبکہ نوعمر لڑکا زخمی بھی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی کے علاقے سپر ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب پیٹرول پمپ پر کنٹینر لدے ہوئے ٹرک نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں اس پر سوار شہری جاں بحق ہوگیا۔ حادثے میں جاں بحق موٹر سائیکل سوار کی شناخت 45 سالہ غلام اللہ کے نام سے کی گئی، جو کہ نوری آباد کا رہائشی بتایا جاتا ہے، جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر کنٹینر سے لدا ٹرک اپنے قبضے میں لیکر تھانے منتقل کر دیا، جبکہ متوفی کی لاش ایدھی کے رضاکاروں کی مدد سے بقائی ٹول پلازہ اسپتال لیجائی گئی۔
