سروس ریکارڈ میں مبینہ ہیرا پھیری، جی بی پولیس کے 6 افسران کیخلاف کارروائی کا آغاز
سروس ریکارڈ میں مبینہ ہیرا پھیری کے الزام میں گلگت بلتستان پولیس کے 6 افسران کیخلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان چھ افسران کو سروس ریکارڈ میں تبدیلی، چھیڑ چھاڑ، تاریخ پیدائش کی تبدیلی کے حوالے سے اپنے دفاع میں موقف کو ثابت کرنے کے لئے انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ واضح رہے محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری لیٹر جو کہ 9 دسمبر کو جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ مجاز اتھارٹی پولیس کے ایسے افسران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جو سروس بک فراہم کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہیں اور سروس بک فراہم کرنے سے گریزاں ہیں۔ لیٹر میں ہدایت کی گئی تھی کہ ان افسران کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے جن کی سروس بک میں فرانزک رپورٹ کے مطابق تاریخ پیدائش کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔
