نااہلی ریفرنس کیخلاف پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی کی درخواست خارج
پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کی جانب سے انکی نااہلی سے متعلق اسپیکر کے ریفرنس اور الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف دائر رٹ پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے سہیل سلطان کی درخواست خارج کردی، وکیل شکایت کنندہ سلطان محمد خان ایڈووکیٹ کے مطابق الیکشن کے وقت سہیل سلطان ایڈووکیٹ جنرل آفس میں لاء افسر تھے، وہ الیکشن نہیں لڑ سکتے تھے، وکیل نے کہا کہ سرکاری افسر کے لئے دو سال کا وقت ہوتا ہے، استعفیٰ کے دو سال بعد وہ الیکشن لڑسکتے ہیں، درخواست گزار نے الیکشن کے وقت اس بات کو چھپایا تھا۔ شکایت کنندہ کے وکیل نے بتایا کہ اسپیکر نے الیکشن کمیشن کو کارروائی کے لئے ریفرنس بھیجا ہے۔ واضح رہے کہ سوات سے ایم این اے منتخب ہونے والے سہیل سلطان نے اسپیکر کی جانب سے الیکشن کمیشن کو ریفرنس اور الیکشن کمیشن کے نوٹس کو چیلنج کیا تھا۔
