ملتان، سنی تحریک کے زیراہتمام بھارتی صوبے بہار کے وزیراعلیٰ کے خلاف احتجاج
پاکستان سنی تحریک ملتان لوہا مارکیٹ سیکٹر کے زیراہتمام بھارت مردہ باد احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد مدنی شیدی لال کے سامنے منعقد ہوا، جس کی قیادت صوبائی ناظم اعلی پاکستان سنی تحریک مرزا محمد ارشدالقادری، رب نواز پپو بٹ، میاں سجاد انصاری، مرزا دانش قادری و دیگر شریک تھے۔ مرزا محمد ارشدالقادری کہاکہ بھارت کے صوبہ بہار میں ایک سرکاری تقریب کے دوران بہار کے وزیراعلی نتیش کمار کی جانب سے ایک مسلمان خاتون کا نقاب زبردستی ہٹانے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ واقعہ محض ایک فرد کی غلطی نہیں بلکہ بھارت میں اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں اور دیگر غیر ہندو مذاہب کے خلاف جاری منظم تعصب اور جبر کی عکاسی کرتا ہے۔ کسی خاتون کے مذہبی لباس کو سرعام چھیڑنا اخلاقی، آئینی اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہ واقعہ اس امر کا ثبوت ہے کہ بھارت میں اقلیتوں کے مذہبی وقار اور شخصی آزادی کو ریاستی سطح پر نظرانداز کیا جا رہا ہے، جبکہ حکومتی عہدیداروں کی خاموشی اس ظلم کی عملی تائید کے مترادف ہے۔علمائےکرام مطالبہ کرتے ہیں کہ واقعے کی فوری اور غیرجانبدار تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار شخصیت کو جوابدہ بنایا جائے، متاثرہ خاتون سے غیر مشروط معافی لی جائے اور بھارت میں تمام اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔
