کراچی، علامہ شہنشاہ حسین نقوی سید علی رضوی کی عیادت کیلئے پہنچ گئے، جلد صحت یابی کی دعا کی
ملک کے نامور عالم دین علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے کراچی میں مجلس وحدت المسلمین گلگت بلتستان کے صدر آغا سید علی رضوی کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر سید شہنشاہ حسین نقوی نے سید علی رضوی کو کتابوں کا تخفہ بھی دیا اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعائیں بھی مانگیں۔ سید شہنشاہ حسین نقوی نے آغا سید علی رضوی سے کہا کہ آپ ملت اسلامیہ کا عظیم سرمایہ ہیں، پوری قوم آپکی بیماری سے پریشان ہے، سب آپکے لئے دعا گو ہیں۔ آپ نے ملت کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت آواز بلند کی آپ کے اوپر ملت کے ہر فرد کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ملت اسلامیہ کی مضبوطی اور مسائل کے حل کیلئے دینی جماعتیں مل کر الیکشن میں حصہ لیں۔ دینی جماعتوں کا اتحاد علاقائی مفاد کیلئے سب سے اہم ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے خلاف نت نئی سازشیں ہو رہی ہیں، اس لئے ہمیں چاہیئے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں، جب تک ہم متحد نہیں ہونگے تب تک ہمارے مسائل کا حل تلاش نہیں کیا جا سکتا۔ سید علی رضوی نے علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی کی جانب سے عیادت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان سے کہا کہ آپ نے جن نکات کے اوپر روشنی ڈالی ہے ان پر ہم پہلے ہی دینی جماعتوں کو پیشکش کر چکے ہیں، ہم چاہتے ہیں ملی اور قومی تنظیمیں مشترکہ طور پر سیاسی حکمت عملی بنائیں تاکہ ملت کے مشترکہ مفادات اور حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، اس موقع پر نامور علمی شخصیت پروفیسر غلام حسن بھی موجود تھے۔
