کوئٹہ، جے یو آئی اور بی این پی قیادت کی ملاقات، بلدیاتی انتخابات پر بحث
بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ملک نصیر احمد شاہوانی اور جمعیت علماء اسلام کوئٹہ کے ضلعی سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ابتدائی مشاورت کی گئی۔ جے یو آئی کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں بی این پی کے ضلعی صدر غلام نبی مری، ملک ابراہیم شاہوانی، جان محمد مینگل، جبکہ جمعیت علماء اسلام کوئٹہ کے نائب امیر مولانا محمد ایوب، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ مسعود احمد، مولانا محمد شعیب جدون اور سرفراز شاہوانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بلدیاتی انتخابات کی مجموعی صورتحال، انتخابی حکمت عملی اور باہمی امور پر تفصیلی اور خصوصی گفتگو کی گئی۔ دونوں جماعتوں نے بلدیاتی انتخابات کو عوامی مسائل کے حل کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے آئندہ بھی رابطے اور مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
