بدقسمتی سے بلوچستان میں منشیات پھیل رہی ہیں، ہدایت الرحمٰن

n01252271-b.jpg

امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو روزگار، تعلیم، صحت اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا حکومت اور مسلط قوتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، مگر بدقسمتی سے بلوچستان میں منشیات پھیل رہی ہیں۔ کھیلوں کے میدان ویران ہو چکے ہیں، جبکہ ہسپتال اور قبرستان آباد ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پرائمری ایریگیشن کالونی گوادر کے دورے کے موقع پر عمائدین، اساتذہ اور طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے اساتذہ اور تعلیم دوست افراد کی جانب سے کھیلوں کے میدان آباد رکھنے اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے ڈی ای او زاہد بلوچ، تعلیمی افسر حسن بلوچ اور شریف میاہ داد کے ہمراہ گورنمنٹ پرائمری اسکول ایریگیشن کالونی کا دورہ کیا۔ جہاں اسکول کی کارکردگی اور تعلیمی ماحول کی بہتری پر اساتذہ کی کوششوں کی تعریف کی۔ قبل ازیں امیر جماعت اسلامی بلوچستان نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت نیا آباد گوادر میں پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے کمیونٹی بورنگ منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ضلع گوادر کے امیر جماعت اسلامی سعید احمد بلوچ اور صدر الخدمت فاؤنڈیشن نادل علی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور ریلیف کی فراہمی کے لیے مسلسل خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے