گلگت بلتستان میں پہاڑوں کا عالمی دن بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ
گلگت بلتستان میں پہاڑوں کا عالمی دن 11 دسمبر 2025ء کو بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کے ایک اہم اجلاس میں گلشیئرز کی اہمیت، ماحولیاتی چیلنجز اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو فلم، مکالمے اور سرگرمیوں کے ذریعے اجاگر کرنے کے عملی طریقوں پر غور کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پہاڑوں کے عالمی دن کی تیاریوں کے سلسلے میں محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کے ڈائریکٹر اقبال حسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقدہ ہوا۔ اجلاس میں عالمی تھیم “Glaciers Matter for Water, Food and Livelihoods in Mountains and Beyond” کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے لیے مختلف تجاویز اور منصوبہ بندی پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی ڈیپارٹمنٹ آف میڈیا سائنس سربراہ پروفیسر شمش الرحمن، ڈائریکٹر ٹورزم صفی اللہ، ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے کمیونیکیشن منیجر نثار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد سلیم خان، ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورزم گلگت کاشف علی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورزم عابد حسین، ہلالِ احمر پاکستان جی بی کے نمائندے جنید عباس سرینا گلگت اور رامادہ گلگت کےافسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بامِ دنیا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2025ء کے انتظامات، گلشیئرز کی اہمیت، ماحولیاتی چیلنجز اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو فلم، مکالمے اور سرگرمیوں کے ذریعے اجاگر کرنے کے عملی طریقوں پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ نوجوانوں، فلم میکرز اور مقامی کمیونٹی کی فعال شمولیت کے ساتھ اینیمیٹڈ فلمز، پینل ڈسکشنز، نمائشوں اور ماحولیاتی سیشنز کے انعقاد سے آگاہی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ڈائریکٹر ٹورزم اقبال حسین نے کہا کہ گلیشیئرز کے تحفظ، ماحول دوست سوچ اور کمیونٹی آگاہی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اس موقع پر یہ شرکاء نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ پہاڑوں کے عالمی دن کی تقریب کا انعقاد قراقرم یونیورسٹی مین کمپس میں کیا جائے گا تاکہ اس اہم تقریب سے طلباء و طالبات زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے کمیونیکیشن منیجر نثار احمد نے بتایا کہ اب تک 18 ڈاکومنٹری فلمیں جمع کروائی گئی ہیں۔ جن میں سے بہتری فلموں کی سلیکشن کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت ہے۔ جس پر ڈائریکٹر ٹورزم اینڈ کلچر اقبال حسین نے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سلیم خان، پروفیسر شمس الرحمن اور نثار احمد پر مشتمل تین رکنی کمیٹی تشکیل دیدی جو فلموں کی چانچ پڑتال کے بعد جیوری کے حوالے کرے گی۔
