محتسب ادارے کو مزید مضبوط اور مستحکم بنا رہے ہیں، گورنر جعفر مندوخیل
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کہا کہ ہم محتسب ادارے کو وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر مزید مضبوط اور مستحکم بنا رہے ہیں۔ اس طرح ہمارے انتظامی فریم ورک کے اندر شفافیت، جوابدہی اور اچھی حکمرانی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ محتسب ادارے کو تقویت دے کر ہمارا مقصد شہریوں کو شکایات کے ازالے کیلئے ایک قابل رسائی طریقہ کار فراہم کرنا ہے۔ ہماری کوششوں میں ایک کثیرالجہتی نقطہ نظر شامل ہے اور ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے حقوق اور مفادات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وفاقی خاتون محتسب فوزیہ وقار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے اس بات کو یقینی بنانے میں محتسب کے اہم کردار پر زور دیا کہ معاشرے کے سب سے کمزور طبقات بالخصوص غریب اور نادار افراد کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے محتسب پر زور دیا کہ وہ ان لوگوں کو بروقت اور سستی انصاف فراہم کرنے کیلئے فعال اقدامات کرے، جنہیں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ اس طرح مساوات اور انصاف کے اصولوں کو برقرار رکھا جائے۔ گورنر نے محتسب کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنے آفیس سے باہر اپنی رسائی کو بڑھانے کیلئے دوسرے اضلاع کا باقاعدگی سے دورہ کرکے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے شہریوں کی شکایات کا ازالہ کریں۔ محتسب کا ادارہ حکومت اور عوام کے درمیان خلیج کو ختم کرنے انتظامی نظام پر مزید اعتماد کے احساس اجاگر کر سکتا ہے۔
