شہریوں پر بنائے گئے ای چالان کا خاتمہ اور مذکورہ سسٹم کی اصلاحات ضروری ہیں، علامہ مبشر حسن
مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت شہریوں کے لیے وبال جان بن گئی ہے، ٹریفک چالان کی مد میں الیکڑانک بھتہ خوری کی جارہی ہے، شہر میں اس لاقانونیت کی سب سے بڑی وجہ عوام پر مسلط کردہ نااہل حکمران ہیں، وہ شہری جو بنیادی سہولیت سے محروم تھے اب نئی اذیت سے دوچار ہیں، ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس فراہم کرنے والا شہر کراچی کی صورت موئن جو دڑو جیسی ہوتی جا رہی ہے، ای چالان کیلئے پھرتیاں دکھانے والی حکومت اپنے فرائض سے دانستہ طور پر غافل ہے، گیس، بجلی، پانی، تباہ حال انفرا اسٹرکچر کی بحالی کی بجائے حکومت کی تمام تر توجہ چالان کرنے پر ہے، بلدیاتی ادارے تباہ حالی کا شکار ہیں، نا اہل میئر سے شہری پہلے ہی پریشان ہیں، مہنگائی اور بنیادی سہولیات سے محروم شہریوں پر غیر ضروری ای چالان قابل مذمت ہے۔
علامہ مبشر حسن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوام کو گیس، بجلی، پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرے، پیپلز پارٹی حکومت شہر قائد سمیت صوبے بھر کو نوچنا بند کرے، تنگ دستی کے شکار شہریوں کے لیے بھاری جرمانے خوف و ہراس کی علامت بنتے جا رہے ہیں، بدحال ٹریفک نظام کی درستگی متعلقہ حکام کی ترجیحات میں سرفہرست ہونی چاہیئے، حکومت سڑکوں کی تعمیر ات، ڈرائیونگ لائسنس، کاغذات کے حصول کیلئے اقدامات کرے، پہلے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے کاغذات بنوانے میں مشکلات کو دور کیا جائے، کسی بھی ٹیکس ای چالان کا نفاذ ملک بھر میں یکساں ہونا چاہیئے، شہریوں پر بنائے گئے ای چالان کا خاتمہ اور مذکورہ سسٹم کی اصلاحات ضروری ہیں۔
