کرم میں فتنہ الخوارج کا فوجی قافلہ پر حملہ، 6 جوان شہید، 15 زخمی
خیبر پختونخوا کے علاقہ وسطی کرم سلطان کلے میں ملک دشمن فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے گھات لگا کر پاک فوج کے قافلے پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 فوجی اہلکار شہید جبکہ 15 زخمی ہوگئے، زخمیوں میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ اس حملے میں دھماکہ خیز مواد کا استعمال کیا گیا، جس سے پاک فوج کی کئی بکتر بند گاڑیاں اور ٹرک تباہ ہو گئے، جبکہ دھماکے کے بعد دہشتگردوں نے چاروں طرف سے پاک فوج کے قافلے کو گھیر کر اس پر فائرنگ شروع کر دی، جو تین گھنٹے تک جاری رہی جبکہ اس دوران پاک فوج کے جوانوں کی لاشیں سڑک پر بکھری پڑی رہیں۔ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں کلیرنس آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے شہداء کے نام یہ ہیں، کیپٹن نعمان، سپاہی ولید، سپاہی وقاص، سپاہی اعجاز، سپاہی نرسنگ امجد، اور نائیک ساجد۔
