کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اربوں روپے کی کرسٹل آئس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ نے اربوں روپے مالیت کی کرسٹل آئس سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ ایف بی آر کے مطابق 3 سو کلو گرام منشیات تافتان سے کوئٹہ آنے والے ٹرک کے تبدیل شدہ فیول ٹینک میں چھپائی گئی تھیں۔ کلکٹر کسٹمز (انفورسمنٹ) کوئٹہ کی اطلاع پر فیلڈ انفورسمنٹ یونٹ نوشکی کے عملے نے کارروائی کی۔
ایف بی آر کے مطابق 3 سو کلو گرام کرسٹل، آئس میتھا مفیٹامائن (Crystal/Ice Methamphetamine) کی مالیت کا تخمینہ 18 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد لگایا گیا ہے۔ سمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کی مالیت کا تخمینہ 80 لاکھ روپے لگایا گیا ہے، دونوں ضبط شدہ اشیا کی مالیت 18.67 ارب روپے بنتی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ٹرک میں سوار دونوں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔
