محسن نقوی کا خیبر پختونخوا حکومت سے واپس گاڑیاں فوری بلوچستان بھجوانے کا اعلان
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے واپس کی جانے والی گاڑیاں فوری بلوچستان بھجوانے کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر وفاقی وزیر داخلہ سے درخواست کی تھی کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے واپس کی جانے والی بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان کو فراہم کی جائیں۔ سردار سرفراز بگٹی کی درخواست پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا سے واپس آنے والی بلٹ پروف گاڑیاں اب بلوچستان کو دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے وفاقی وزیرداخلہ کی جانب سے پولیس کو دی گئیں بلٹ پروف گاڑیاں واپس کرنے کی ہدایت کی ہے۔سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ نے پولیس کو جو بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی ہیں، وہ ناقص اور پرانی ہیں، یہ خیبر پختونخوا پولیس کی تضحیک ہے، ان گاڑیوں کو واپس کیا جائے، سابق وزرائے اعلیٰ سے لی گئی سکیورٹی واپس کی جائے تاکہ ان کا تحفظ یقینی ہو، امن و امان ہماری حکومت کی پہلی ترجیح ہے، اس پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
