مجھے کہا گیا آپ کی جان کو خطرہ ہے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ مجھے کہا گیا آپ کی جان کو خطرہ ہے، چارسدہ اور خیبر نہ جاؤ مارے جاؤ گے میری جان عوام میں ہے میرا جینا مرنا عوام ہے، عوام تیاری پکڑیں عمران خان کو رہا کرانے کے لیے جلد قیادت ہدایات جاری کرے گی۔ وہ چارسدہ میں جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ جلسے سے صوبائی صدر پی ٹی آئی جنید اکبر، عارف محمد زئی، فضل محمد خان اور دیگر ارکان قومی صوبائی اسمبلی نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے وزیراعلیٰ بننے کے بعد چارسدہ میں جلسے کرنا اس لئے ضروری تھا کہ آپ نے چارسدہ سے ایک پارٹی کا صفایا کیا ہے، خیبر پختونخوا کے عوام بانی چیئرمین کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ خیبر پختونخوا بانی چیئرمین کا ہے، جس دن سے میرا نام وزیراعلیٰ کے لئے آیا تو کہا گیا کہ یہ ہمیں قبول نہیں، مجھے دہشت گرد کہا گیا مجھے اس کی فکر نہیں کہ میرے بارے میں کوئی کیا کہتا ہے مجھے فکر ہے کہ میں آپ عوام کےلئے قبول ہوں کہ نہیں ؟۔
انہوں ںے کہا کہ آج خیبر پختونخوا کے عوام کی آنکھوں میں چمک دیکھیں جو اس بات کی نوید ہے کہ خیبر پختونخوا نہیں بلکے پورے پاکستان میں انقلاب آئے گا، پہلے دن سے میرے خلاف لگے ہوئے ہیں کہ یہ ڈیلور نہیں کر پائے گا یہ تو بچہ ہے، ڈرون حملے اور آرمی آپریشن منظور نہیں، جو بانی کا وژن ہوگا وہی کرونگا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کو یہ پیغام دینا چاہ رہا ہوں بانی چیئرمین کے ویژن کے مطابق تمام کام کرونگا، تمام فیصلے بانی چیئرمین کی ہدایات کے مطابق کرونگا، بانی چیئرمین سے ملاقات کےلئے پنجاب اور وفاقی حکومت کو خط لکھے، وزیراعظم کو بھی بتایا گیا عدالت کے احکامات پر بھی مجھے بانی چیئرمین سے ملنے نہیں دیا گیا ملاقات نہ ہونے پر میں عوام کے پاس آیا ہوں مجھے بتایا گیا کہ چارسدہ اور خیبر نہ جاؤ مارے جاؤگے میں انھیں بتانا چاہتا ہوں میرا جینا مرنا ،میری کرسی قوم کےلئے ہے۔
انہوں ںے کہا کہ میں کل خیبر جارہا ہوں وہاں بھی عوام نکلے گی ہم اس ملک میں حقیقی آزادی کے ذریعے قانون کی بالادستی لائیں گے جس نے قوم پر ظلم و جبر کیا ہے اس کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے، ہنگو میں ایس پی اور سپاہی شہید ہوئے، اب ہم یہ بند کمروں کے فیصلے نہیں مانیں گے اس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی اور عوام کی اجازت کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں ہوگا ساتھیوں تیاری پکڑ لو ہم بانی چیئرمین کو جیل سے باہر نکالیں گے پارٹی قیادت جلد لائحہ عمل دے گی۔
