چمن، پاک افغان بارڈر مہاجرین کی واپسی کیلئے کھول دیا گیا

بلوچستان کے ضلع چمن میں واقعہ پاک افغان بارڈر کو غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی واپسی کے لئے دوبارہ کھول دیا گیا۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے باعث بارڈر کو بند کر دیا گیا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق علاقے کے قبائلی عمائدین اور مشران نے ایف سی کے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے راستہ کھولنے کی درخواست کی تھی، جس پر پاکستانی حکام نے صرف افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے راستہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم پاک افغان بارڈر باب دوستی بدستور پیدل آمدورفت اور مال بردار ٹرکوں کے لیے بند رہے گا۔ دوسری جانب، قبائلی عمائدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے پاکستانی حکام سے سرحد کی مکمل بحالی کی درخواست کی ہے، اور امکان ہے کہ جلد ہی باب دوستی تجارتی سرگرمیوں کے لیے بھی کھول دیا جائے گا۔