کراچی ملک کا سب سے زیادہ نظر انداز کیا گیا شہر ہے، عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، منعم ظفر

n01239465-b.jpg

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ نظر انداز کیا جانے والا شہر ہے، 17 سال سے مسلط پیپلز پارٹی کی حکومت اور ہر وفاقی حکومت نے بھی کراچی کو اس کا جائز حق نہیں دیا، عوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، نہ پینے کا صاف پانی میسر ہے، نہ سڑکیں قابلِ استعمال ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ کا کوئی بہتر نظام موجود نہیں، قابض میئر کراچی نے تاحال شہر کو دعووں اور بیانات کے سوا کچھ نہیں دیا، شہر کی ابتر حالت اور عوامی مسائل کے باعث عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع ملیر کے تحت علی اکبر شاہ گوٹھ میں ”ممبرز کنونشن“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے امیر ضلع ملیر سید مفخر علی، سیکریٹری ضلع کامران نواز، ناظم علاقہ قاری ظفر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

منعم ظفر خان نے ممبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملیر میں بنوقابل کا سینٹر قائم اور تھانہ کلچر کے خلاف بھرپور عوامی مہم شروع کرے گی تاکہ پولیس اسٹیشن عوامی خدمت کے مراکز بنیں، خوف و کرپشن کے اڈے نہیں، ہم ضلع ملیر سمیت تمام پسماندہ آبادیوں کے حقیقی ترجمان ہیں، ان کے حقوق کی لڑائی ہم نے پہلے بھی لڑی ہے اور آئندہ بھی لڑتے رہیں گے۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ سمندر کے کنارے رہنے والے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، ٹینکر مافیا عوام کی مجبوری سے فائدہ اٹھا رہی ہے، سیوریج کا نظام تباہ حالی کا شکار ہے، جگہ جگہ گندے پانی کے تالاب بنے ہوئے ہیں اور سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہو چکی ہیں، تعلیم اور صحت کے شعبے بھی زبوں حالی کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صرف ووٹ لینے کے وقت عوام کے دروازے پر آتی ہے، مگر الیکشن کے بعد عوام کو ان کے حال پر چھوڑ دیتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے