سندھ کے معدنی وسائل سے مالا مال اضلاع رائلٹی سے محروم ہیں، حلیم عادل شیخ

پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ اللہ تعالی نے سندھ کو قدرتی معدنیات سے مالا مال بنایا ہے، صوبے کے کئی اضلاع، جن میں گھوٹکی، سانگھڑ، خیرپور، جامشورو، بدین، ٹنڈو الہ یار اور دیگر علاقے شامل ہیں، میں آئل اینڈ گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں جہاں سے روزانہ اربوں روپے مالیت کی گیس اور تیل پیدا ہوتا ہے، تاہم ان اضلاع کو رائلٹی کی مد میں ملنے والی رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ نہیں کی جاتی اور نہ ہی مقامی نوجوانوں کو ان کمپنیوں میں روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔
پی ٹی آئی سندھ کے نائب صدر میاں محمد اسلم کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی گزشتہ سترہ برسوں سے برسرِ اقتدار ہے مگر اس طویل اقتدار کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے، پیپلز پارٹی کی نااہل طرزِ حکمرانی نے سندھ کے شہروں کو کھنڈر بنا دیا ہے جبکہ قدرتی وسائل رکھنے والے کئی اضلاع کے شہری گیس جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں، رائلٹی کی مد میں اربوں روپے ملنے کے باوجود نہ حساب دیا گیا نہ ترقیاتی اسکیموں پر رقم خرچ ہوئی، پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ملی بھگت سے گیس رائلٹی کے فنڈز میں کرپشن کرتے ہیں، جو ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔