تحریک انصاف بلوچستان کا 7 نومبر کو کوئٹہ میں جلسے کا اعلان

اعلان.jpg

پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر داود شاہ کاکڑ نے پی ٹی آئی بلوچستان کے زیر اہتمام 7 نومبر کو کوئٹہ کے ہاکی گراونڈ میں جلسہ منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے آج پی ٹی آئی رہنماؤں سردار زین العابدین خلجی، نور خان خلجی، صدیق خان اور دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے تمام ڈسٹرکٹ کے صدور کا اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا۔ جس میں اہم فیصلے کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے، جس نے ہمیشہ ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ جس کی پاداش میں پارٹی کے چیئرمین گزشتہ 790 دن سے بے گناہ جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں، مگر حکمران انہیں جھکانے میں ناکام رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے ڈسٹرکٹ صدور کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کوئٹہ میں 7 نومبر کو ہاکی گراونڈ میں مرکزی جلسہ عام منعقد ہوگا۔ جس سے پارٹی کے مرکزی اور چاروں صوبوں کے قائدین خطاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم باقاعدہ جلسے کیلئے ضلعی انتظامیہ کو درخواست دیں گے اور امید ہے کہ صوبائی حکومت نہ صرف ہمیں پرامن جلسے کی اجازت دے گی، بلکہ جلسے کے شرکاء کو مکمل سکیورٹی بھی فراہم کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام پر مسلط کردہ فارم 47 کے حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے ڈیل کرلی ہے اور جلد عوام کے سامنے یہ ڈیل آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان سمیت ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ حکمران عوام کے جان و مال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے