پیپلز پارٹی بلوچستان میں اختلافات، دو پارلیمانی رہنماء وزیراعلیٰ کیخلاف

پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے اراکین اسمبلی وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔ اختلاف ظاہر ہونے کے بعد بلوچستان کے وزیراعلیٰ کی تبدیلی کی افواہیں بھی گردش کرنے لگیں ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء علی حسن زہری اور لیاقت علی لہڑی کھلم کھلا وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف اپنے موقف کا اظہار کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء و صوبائی وزیر علی حسن زہری نے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز بگٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اسمبلی اراکین سے کہتے ہیں کہ میں آپ کا وزیراعلیٰ ہوں اور پیپلز پارٹی کے اراکین سے کہتے ہیں کہ میں آپ کی پارٹی کا وزیراعلیٰ ہوں۔ ان کے اس بیان سے یہ تاثر لیا جا رہا ہے کہ سرفراز بگٹی دونوں جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔ علی حسن زہری کی مبینہ آڈیوز بھی لیک ہو گئیں ہیں، جن میں وہ سرفراز بگٹی کے خلاف گفتگو کر رہے ہیں۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری لیاقت علی لہڑی نے بھی اسمبلی اجلاس کے دوران اپنی حکومت سے شکوہ کیا۔ انہوں نے بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امن اور روزگار کی باتیں کرتی ہے، مگر عملی طور پر کچھ نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور پیپلز پارٹی کا بھیڑا غرق کر دیا گیا ہے۔