ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اہم کردار ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ برطانیہ میں مقیم تارکینِ وطن سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں جو ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، ملکی معیشت کی بہتری میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، مشترکہ کاوشوں سے ملک کو معاشی استحکام ملا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام بہترین ٹیم ورک کا نیتجہ ہے جب کہ عسکری، معاشی اور سفارتی محاذ پر پاکستان کو بڑی کامیابیاں ملی ہیں، حالیہ جنگ میں پاکستان نے دشمن کو شکست فاش دی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا، غزہ اور کشمیر کے مقدمے کو دنیا کے سامنے بہترین انداز میں اُجاگر کیا، غزہ میں 64 ہزار فلسطینی شہریوں کو شہید کردیا گیا، غزہ میں ظلم کا خاتمہ اور جلد امن قائم ہونا چاہیے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا کے تعلقات میں بہتری آئی ہے، آنے والے وقتوں میں مزید بہتر ہوں گے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ کےحوالے سے صدر ٹرمپ کے ساتھ مسلم ملکوں کے راہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی، امید کرتے ہیں اس ملاقات کا مثبت نتیجہ نکلے گا۔ اںہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے تمام فورمز پر بہترین انداز میں پاکستان کا مقدمہ پیش کیا۔