جیکب آباد، شہید سید حسن نصراللہ کی برسی پر ریلی برآمد

شہید سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی کی مناسبت پر جیکب آباد میں ریلی برآمد ہوئی۔ مظاہرین نے اس موقع پر فلسطینی عوام اور حزب اللہ کی حمایت کا اظہار کیا۔ ایم ڈبلیو ایم ضلع جیکب آباد کے زیراہتمام سید مقاومت کی پہلی برسی کے موقع پر شہید اللہ بخش پارک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ جس کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، ضلعی صدر نذیر حسین جعفری، ضلع صدر مجلس علماء مکتب اہل بیت علامہ سیف علی ڈومکی، ڈویژن صدر یوتھ ونگ اللہ بخش میرالی اور استاد خادم حسین نے کی۔ ریلی میں تنظیمی کارکنوں اور مختلف مکاتب فکر کے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید امت سید حسن نصراللہ کا پیغام لبنان کی سرحدوں سے نکل کر دنیا بھر کے مظلوموں اور حق پرستوں کے لئے مشعل راہ بن چکا ہے۔ شہید سید آج بھی زندہ ہیں اور ان کا مشن دنیا کے کروڑوں غیرت مند، باشعور اور حق پرست انسانوں کی صورت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ سید حسن آج ایک عالمی رہبر اور عالمگیر شخصیت کی حیثیت اختیار کرچکے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم فلسطینی عوام کی عملی حمایت کریں اور بحر سے نہر تک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے اقدامات کریں۔ اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں جاری قتل عام اور مصنوعی قحط کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کریں۔