انتظامی یونٹ بننے تک کراچی کے مسائل کا حل ناممکن ہے، محمود مولوی

سابق رکن قومی اسمبلی اور سینئر سیاستدان محمود مولوی نے کراچی کی ابتر صورتحال کے حوالے سے کہا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا شہر بدترین حالات کا شکار ہے مگر سیاستدان سنجیدگی کے بجائے الزام تراشی اور ایک دوسرے پر ذمہ داریاں ڈالنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام دہائیوں سے پانی، بجلی، صفائی، ٹرانسپورٹ اور بنیادی سہولتوں کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں لیکن حکمران جماعتوں نے کبھی عملی طور پر ان مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی نہیں لی۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں نے شہر کے تباہ حال انفراسٹرکچر کو بے نقاب کر دیا ہے۔
اپنے دفتر میں عمائدین شہر کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے محمود مولوی کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے بجائے سیاسی جماعتیں صرف الزام تراشی اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی سیاست میں مصروف ہیں جبکہ وفاق بھی اس بڑے شہر کے مسائل سے مکمل طور پر لاتعلق دکھائی دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں کے شہری خود کو تنہا، بے یار و مددگار اور لاوارث محسوس کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کراچی کے عوام کے پاس ایک ہی حل باقی بچا ہے اور وہ یہ کہ کراچی کو الگ انتظامی یونٹ کا درجہ دیا جائے، ان کے مطابق جب تک کراچی کو انتظامی طور پر ایک علیحدہ یونٹ کی حیثیت نہیں دی جاتی، اس شہر کے بنیادی مسائل جوں کے توں رہیں گے اور عوام کے دکھوں کا حقیقی مداوا ممکن نہیں ہوگا۔