جو جہاد کرنا چاہتا ہے پاک فوج جوائن کرلے، طاہر اشرفی

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہراشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کا دفاعی معاہدہ پوری دنیا میں امن کا ضامن بنے گا، امن غزہ، کشمیر اور فلسطین والوں کو حق دینے سے ملے گا، پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر جبکہ سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ سمجھا جائیگا۔ انہوں ںے کہا کہ ہماری افواج شہادت کیلئے بارڈرز پر فرائض انجام دے رہی ہیں، آج فلسطینیوں کی آواز سعودی عرب اور پاکستان ہے، حکومت اور قوم کی جانب سے فلسطینیوں کیلئے امداد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزیر خارجہ فلسطین کانفرنس سے خطاب کریں گے، آج عالمی یوم امن ہے، کچھ لوگوں کو معاہدے سے تکلیف ہو رہی ہے، تکلیف یہ ہے کہ آج امت مسلمہ ایک ہو رہی ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ وہ صبح شام فوج اور ملک کیلئے دعا کریں، فوج پر انگلیاں اٹھانے والے یہ بتائیں اگر مئی میں فوج نہ ہوتی تو کیا ہوتا، انڈیا اور اسرائیل ملکر حملے کر کر رہے تھے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل نے کہا کہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑا مذاق مودی بنا ہوا ہے، ٹرمپ روز بات کرتا ہے، دفاعی طور پر پاکستان مضبوط ملک بن چکا ہے، داخلی طور پر بھی بننا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر کوئی جہاد کرنا چاہتا ہے تو فوج جوائن کر لے، جہاد اور فساد میں فرق ہے، انسانیت کا قتل جہاد میں نہیں، امام بارگاہوں، مساجد، چرچز اور فوج و عوام پر حملے جہاد نہیں۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ افغانستان ہمارا بھائی ہے، بہت قربانیاں دی ہیں، پندرہ لاکھ افغانی ابھی بھی ہیں، افغان سرزمین سے اگر ہم پر حملہ ہو تو شکوہ کرنا بھی جائز نہیں ہے کیا،افغان حکومت اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال ہونے سے روکے۔