صدر زرداری اور بلاول بھٹو کا چین کا دورہ تاریخی کامیابی ہے، ناصر حسین شاہ

صوبائی وزیر توانائی و ترقی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا چین کا دورہ تاریخی کامیابی ہے، جس کے مثبت اثرات سندھ سمیت پورے ملک کی ترقی پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بڑے منصوبے چین کے تعاون سے عملی شکل اختیار کریں گے، جن میں تھر کول، کراچی سرکلر ریلوے، ماس ٹرانزٹ اور اکنامک زونز شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف صوبے کی معیشت میں انقلاب آئے گا بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جبکہ مخالفین صرف بیانات کی سیاست کرتے ہیں، ان کے بقول عوامی خوشحالی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور مخالفین کو عوامی ترقی ہضم نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو نئی وسعت دینے کا سہرا صدر زرداری اور بلاول بھٹو کے سر ہے، جنہوں نے پاکستان کا وقار بلند کیا۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ تھر کول اور اکنامک زونز سندھ کی معیشت کو بدل دیں گے اور کراچی سرکلر ریلوے سمیت دیگر بڑے منصوبے جلد حقیقت کا روپ دھاریں گے۔