کراچی میں نیگلیریا وائرس ایک اور زندگی نگل گیا

شہر قائد کے ضلع وسطی کا رہائشی جان لیوا جرثومے نیگلیریا فاؤلری کا شکار ہو کر جاں بحق ہو گیا۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق 29 سالہ شخص شخص نگلیریا کے باعث 11 ستمبر سے نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھا، جسے 7 ستمبر سے علامات ظاہر ہونا شروع ہوئی تھیں۔ محکمہ صحت سندھ نے بتایا ہے کہ مریض کو حالت بگڑنے پر 11 ستمبر کو اسپتال منتقل کیا گیا، مذکورہ مریض نہانے اور پینے کیلئے نلکے کا پانی استعمال کرتا تھا۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ محکمے نے اس معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق رواں سال سندھ میں نیگلیریا سے جاں بحق ہونے والا یہ پانچواں مریض ہے۔ واضح رہے کہ نیگلیریا فاؤلری ایک جرثومہ ہے، جو کہ صرف خوردبین کے ذریعے سے ہی دیکھا جا سکتا ہے، یہ جرثومہ انسانی دماغ میں ناک کے ذریعے سے داخل ہوتا ہے، جو دماغ کھاتا ہے اور شدید انفیکشن کا سبب بنتا ہے، جس کی وجہ سے انسان کی موت واقع ہو سکتی ہے۔