پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سیلاب نے سندھ کا رخ کر لیا

صوبہ پنجاب میں تباہی مچانے کے بعد سندھ میں داخل ہونا شروع ہو چکا، کندھکوٹ کے کچے کے تمام علاقے زیرآب آگئے، سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی زیرآب آگئیں، جبکہ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گڈو بیراج پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا۔ رپورٹس کے مطابق بھارتی آبی جارحیت کے بعد آنے والا سیلاب گڈو بیراج کے راستے سندھ میں داخل ہونا شروع ہو چکا ہے، گڈو بیراج پر درمیانے درجے کے سیلاب کے بعد کندھکوٹ کے کچے کے تمام علاقے زیر آب آگئے اور ان کا شہروں سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ اس کے علاوہ سیلاب کے باعث ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی زیر آب آگئی ہیں، اور پانی بڑھنے کے باعث حفاظتی بندوں پر بھی دباؤ بڑھنے لگا ہے اور حساس قرار دیئے گئے کے کے بند اور اولڈ توڑی بند کو مضبوط بنانے کا کام بھی جاری ہے۔