پشاور، جماعت اسلامی کا قطر پر اسرائیلی حملہ کیخلاف احتجاج

اسرائیل کی جانب سے امریکہ کی ایماء پر قطر میں حماس کے دفتر پر میزائل حملے کے خلاف، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر، ملک کے دیگر شہروں کی طرح صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی جماعت اسلامی اور پشاور کی تاجر برادری نے احتجاجی مظاہرہ کیا اور اسرائیل کے بزدلانہ اور شرمناک حملے کی شدید مذمت کی۔ جماعت اسلامی کے ضلعی ہیڈکوارٹر محلہ اسلام آباد سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو نشترآباد چوک میں احتجاجی مظاہرے کی صورت اختیار کر گئی۔ اس موقع پر جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن اور ضلع پشاور کے امیر بحراللہ خان ایڈووکیٹ، سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت خان، قومی اسمبلی کے سابق امیدوار طارق متین اور جماعت اسلامی پشاور سٹی کے امیر حافظ حمید اللہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ دو سالوں سے غزہ اور فلسطین میں بچوں، خواتین اور نہتے عوام کے مسلسل قتلِ عام کا جو سلسلہ شروع کیا ہے، وہ امریکہ، اقوامِ متحدہ سمیت ان تمام عالمی قوتوں اور اداروں کے لیے باعثِ ندامت ہے جو انسانی حقوق کے بلند و بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن دو سالوں سے غزہ اور فلسطین میں انسانیت کے قتلِ عام پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔