تم ہٹلر ہو، صدر ٹرمپ کی ہوٹل آمد پر فلسطین کے حق میں نعرے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ معروف ریسٹورنٹ جو’ز سی فوڈ میں کھانا کھانے پہنچے تھے لیکن وہاں انھیں شدید احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عشائیے کے دوران خواتین مظاہرین نے صدر ٹرمپ کو گھیرلیا اور شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم لہرائے اور فلسطین کو آزاد کرو ! ٹرمپ ہمارے دور کا ہٹلر ہے! کے نعرے بھی لگائے۔ صدر ٹرمپ نے موقع کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے اپنے اعصاب پر قابو رکھا اور فوری طور پر تو کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا۔ تاہم جب فلسطینی نعرے بلند ہوتے گئے تو پھر سیکیورٹی اہلکاروں کو ہاتھ سے اشارہ کیا جس کے بعد خواتین مظاہرین کو وہاں سے ہٹادیا گیا۔
مظاہرہ کرنے والے خواتین جنگ مخالف تنظیم "کوڈ پنک” سے وابستہ تھیں۔ اس گروپ نے انسٹاگرام پر لکھا کہ ٹرمپ نے ہماری آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھا۔ گروپ نے انسٹاگرام پر مزید لکھا کہ ہم نے وعدہ کیا ہے کہ وہ (ٹرمپ) کبھی سکون سے کھانا نہیں کھا سکیں گے جب تک مظلوم عوام محاصرے میں ہیں۔ تاہم عشایئے کے بعد تقریر میں اپنی سیکیورٹی پالیسیوں کی کامیابی کو سراہتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ واشنگٹن کبھی ملک کا خطرناک ترین شہر تھا لیکن اب یہ محفوظ ہے۔ اس دوران نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ بھی صدر کے ساتھ موجود تھے۔