وزیراعلیٰ پنجاب نے چہلم امام حسینؑ اور عرس داتا گنج بخشؒ پر فول پروف سیکیورٹی انتظامات کا حکم دیدیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 982ویں عرس کی تقریبات کے آغاز پر خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے چہلم امام حسینؑ اور عرس داتاگنج بخشؒ پر امن وامان یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے حضرت امام حسینؑ کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے عرس داتا گنج بخشؒ پر آنیوالے زائرین کی سکیورٹی اور آسانی کیلئے انتظامات میں بہتری لانے کا حکم دیا اور زائرین کیلئے شاندار مہمان نوازی کی روایات جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے زائرین کیلئے لنگر اور سبیل کے انتظامات میں مزید آسانیاں لانے کی ہدایت کی۔ داتا دربار کے اردگرد سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ عرس داتا گنج بخشؒ پر تشریف لانے والے زائرین ہمارے قابل قدر مہمان ہیں، انہیں تکلیف اور پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ زائرین کا تحفظ ترجیحات میں اولین ہے۔ انہوں نے پولیس کو خصوصی ہدایت کی کہ چہلم کے جلوس پر بھی سکیورٹی سخت رکھی جائے اور جامہ تلاشی کے بعد عزاداروں کو جلوس میں شامل ہونے دیا جائے۔