چہلم امام حسینؑ، پنجاب پولیس نے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے

چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے سلسلہ میں پنجاب پولیس نے سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے، چہلم حضرت امام حسینؑ کے موقع پر 644 مجالس، 392 عزاداری جلوس برآمد ہونگے۔ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 37 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔ آئی جی نے مزید بتایا کہ لاہور میں 44 مجالس، 14 جلوسوں کی سکیورٹی پر 12 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔926 واک تھرو گیٹس، 6753 میٹل ڈٹیکٹرز بھی چیکنگ کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے چہلم امام حسینؑ کے جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، سپیشل پولیس، ٹریفک پولیس، والنٹیرز بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کرینگے۔ آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی۔ کنٹرول رومز سے جلوس و مجالس کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، جلوسوں کے روٹس میں آنیوالی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے، جبکہ خواتین عزاداروں کی سرچ اور سکیورٹی کیلئے لیڈی اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہوں گی۔