عرب حکمرانوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، علامہ مقصود ڈومکی

n01224751-b.jpg

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کا امتحان جاری ہے۔ عرب حکمرانوں کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ گوٹ بجرانی لغاری تحصیل مورو ضلع نوشہروفیروز میں منعقدہ سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ دنیا ایک امتحان گاہ ہے، جہاں اللہ تعالیٰ ہر انسان کو آزمائش میں مبتلا کرتا ہے۔ کیونکہ امتحان اور آزمائش کے بغیر کھرے اور کھوٹے کی پہچان ممکن نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الٰہی امتحانات کے پانچ مراحل ہیں، جس میں پہلا خوف، دوسرا بھوک، تیسرا مال کی قربانی، چوتھا جان کی قربانی اور پانچواں اولاد کی قربانی ہے۔ جو لوگ ان پانچوں مراحل میں صبر اور استقامت کا مظاہرہ کرتے ہیں، ان پر خدا کا درود و سلام اور رحمت ہے۔ علامہ ڈومکی نے کہا کہ آج امت مسلمہ ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے، جس میں منافقین اور نااہل مسلم حکمرانوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ جنہیں دنیا "خادم الحرمین” اور "امام کعبہ” جیسے مقدس القابات سے پہچانتی تھی، آج آزمائش اور امتحان میں ان کا مکروہ کردار دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ آج کی امتحان گاہ ہے، جہاں اہل فلسطین نے صبر اور استقامت کے ساتھ نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اسماعیل ہانیہ، یحییٰ سنوار، حسن نصر اللہ، سید ہاشم صفی الدین، جنرل باقری اور جنرل سلامی جیسے مخلص رہنماء اپنے ایثار قربانی اور جہاد فی سبیل اللہ کے سبب اولیاء خدا کی صف میں شامل ہو چکے ہیں۔ اس کے برعکس بعض عرب حکمرانوں نے ٹرمپ جیسے ظالم کے سامنے اپنی بیوی، بہنوں اور بیٹیوں کے ساتھ رقص کیا، جس سے ان کی منافقت اور ذلت آمیز ذہنیت آشکار ہو گئی۔ علامہ ڈومکی نے کہا کہ اگرچہ پاکستان کے عوام خود مظلوم ہیں اور ان کے آئینی و جمہوری حقوق سلب کئے گئے ہیں، تاہم وہ ہر حال میں فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیر داخلہ ضیاء لنجار کی جانب سے گوٹھ بجرانی لغاری میں جس طرح انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں وہ انتہائی افسوسناک ہیں۔ اب یہ سیاسی انتقام بند ہونا چاہئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے