شہداء نے اپنی جانیں قربان کرکے وطن کو محفوظ بنایا، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے معرکہ حق کے جشن آزادی کے سلسلے میں گورنر ہاؤس میں منعقدہ یوم شہداء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمارے لیے انتہائی اہم ہے کیونکہ اس میں ہم اپنے شہداء کے اہل خانہ کے درمیان موجود ہیں، جن کے بچوں نے وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ گورنر سندھ نے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا آپ کے شہداء نے اس ملک کو محفوظ بنایا ہے اور ان کی قربانیاں ہمیشہ ہماری تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ترکیہ کے قونصل جنرل Cemal Sangu تھے۔ اس موقع پر شہداء کے اہل خانہ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی اور دیگر معزز شہری بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے شہداء کے اہل خانہ کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔
تقریب کے دوران فائر ورکس کا بھی شاندار مظاہرہ کیا گیا جس نے محفل میں خوشی کا رنگ بھر دیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 10 مئی کا دن بھارت کے لیے ایک ایسی شکست تھی جو اس کی نسلوں کو ہمیشہ یاد رہے گی۔ انہوں نے کہا بھارت نے ہماری عام آبادی پر حملہ کیا مگر ہماری بہادر آرمی، ایئر فورس اور نیوی نے ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کیا کہ دنیا نے حیرت سے دیکھا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورنر ہاؤس میں راحت فتح علی، عاطف اسلم اور علی ظفر جیسے نامور فنکار پروگرام کے لیے مدعو کیے جا رہے ہیں تاکہ جشن آزادی کے سلسلے کو مزید پر وقار بنایا جائے۔ گورنر سندھ نے فخر کے ساتھ کہا ہم نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کے پانچ جنگی جہاز گرائے اور اسے شاندار شکست دی، یہ ہماری بہادری اور دفاع کی طاقت کی واضح مثال ہے۔